اسلام آباد(این این آئی)وزیرخارجہ سینیٹراسحق ڈار نے مصری وزیر خارجہ بدر عبدالاتی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں انہوںنے فلسطینی عوام کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ اور مصر کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحق ڈار نے اتوار کو مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالاتی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور فلسطینی عوام کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ اور مصر کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔وزیر خارجہ سینیٹر اسحق ڈار نے غزہ میں ہونے والی پیش رفت بشمول لاکھوں فلسطینی باشندوں کو متاثر کرنے والی سنگین انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔اسحق ڈار نے فلسطینی عوام کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور مصر کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے اس معاملے پر غور و خوض کے لئے وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی او آئی سی اجلاس بلانے کے لئے پاکستان کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔ دونوں وزرا ء نے آنے والے دنوں میں ان پیشرفتوں پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
