اسلام آباد (این این آئی) ایف بی آر نے ٹیکس چوری روکنے کیلئے اضافی عملہ اور وسائل مانگ لئے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے کہا ہے کہ ٹیکس چوری کیخلاف فیلڈ آپریشن اور انفورسمنٹ بڑھانا چاہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹیکس مشینری کو ہر 200روپے آمدن کے بدلے صرف 1روپیہ ملتا ہے، بھارت میں ٹیکس آپریشنز پر مجموعی ریونیو کا 1.5فیصد خرچ ہوتا ہے۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق پاکستان میں ٹیکس آپریشنز پر اخراجات صرف 0.44فیصد کے مساوی ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال پنجاب ریونیو اتھارٹی کا سالانہ ٹیکس ہدف 240ارب تھا۔ صوبائی محکمے میں تنخواہیں و مراعات وفاقی حکومت کی نسبت 20گنا زیادہ ہیں، چینی، سیمنٹ، تمباکو اور کھاد فیکٹریوں کی نگرانی کے لئے صرف چند گاڑیاں ہیں۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق اکثر فیکٹریاں ملک کے دور دراز علاقوں میں واقع ہیں۔
