اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو بسانے سے بڑھ کر ملک دشمنی نہیں ہوسکتی،اوورسیز پاکستانیوں کے ترسیلات زر میں 30فیصد اضافے سے ملکی زرمبادلہ ذخائر مستحکم ہوئے ہیں۔اوورسیز پاکستانیز گلوبل فائونڈیشن کے ارکان سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی ختم ہوچکی تھی لیکن چند سال قبل ایک حکومت نے دہشت گردوں کو بسایا، اس اقدام سے بڑھ کر پاکستان سے کوئی دشمنی نہیں ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار پاکستانیوں نے قربانیاں پیش کیں،جوانوں کی قربانیوں سے دہشت گردی کا ایک بار پھر مکمل خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ترسیلات زر میں 30فیصد اضافہ ہوا ہے، اس اضافے سے ملکی زرمبادلہ ذخائر مستحکم ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کے سفیر ہیں، اوورسیز پاکستانی ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جن کے تجربے سے ملک اور قوم کو فائدہ پہنچنا ہے۔انہوں نے کہا کہ گرین چینل کے معاملے پر وزیرخزانہ سے کہوں گا آپ کے ساتھ بیٹھیں، اسے دوبارہ بحال کریں گے۔
