ریاض(این این آئی )سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی اور برازیلی فنکاروں نے التقاکے نام سے سجائے گئے سٹیج پر مشترکہ شاندار پرفارمنس سے حاضرین کے دل موہ لیئے۔عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان کی سرپرستی میں رائل انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈیشنل آرٹس (ورث)کے زیراہتمام کنگ فہد کلچرل سینٹر میں منعقد ہونے والی اس رنگا رنگ تقریب میں سعودی اور برازیلی ثقافت اور ورثے کے امتزاج کو شاندار انداز میں پیش کیا گیا۔تقریب میں موجود وزیٹر عبدالعزیز الانصاری نے بتایا کہ سعودی عرب اور برازیل کی مشترکہ ثقافت کو دیکھنا چاہتا تھا جو واقعی حیرت انگیز انداز میں پیش کی گئی میں نے ایک فیصد بھی نہیں سوچا تھا کہ تقریب اتنی شاندار ہوگی۔تقریب میں دونوں ممالک کے مابین ہم آہنگی کو نمایاں کیا گیاجس میں سعودی اور برازیلی فنون کو یکجا کر کے پانچ روایتی پرفارمنسز اور ایک مشترکہ رقص پیش کیا گیا۔تقریب میں موجود سوشل میڈیا انفلوئنسر اسما السیاری نے اس مشترکہ پرفارمنس کوجادوئی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ پسندیدہ پروگرام 100 فیصد سعودی ثقافت اور 100 فیصد برازیلی ثقافت پر مبنی تھا جو کہ نہایت خوبصورتی کے ساتھ یکجا کیا گیا۔ کنگ فہد کلچرل کمپلیس میں پیش کی جانے والی اس ثقافتی تقریب کا مقصد سعودی وژن 2030 کے تحت ثقافتی ورثے کے تحفظ اور ترقی کے ذریعے مملکت کے روایتی فنون کو فروغ دینا ہے۔
