لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے 8فروری کو لاہور مینار پاکستان میں جلسے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔چیف آرگنائزر پنجاب پی ٹی آئی عالیہ حمزہ نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں موقف اپنایا گیا کہ 8فروری کو مینار پاکستان میں جلسے کی اجازت کے لیے ڈی سی لاہور کو درخواست دی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 29جنوری کو درخواست دائر کی گئی مگر تاحال ڈی سی آفس میں کوئی بھی شنوائی نہیں ہوئی، پی ٹی آئی جب بھی جلسے کی اجازت مانگتی ہے تو امن و امان کا مسئلہ بنا لیا جاتا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ عالیہ حمزہ کو ہراساں کیا جا رہا ہے، درخواست واپس لینے کے لیے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔عدالت سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو ہدایت کی جائے کہ 8فروری کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دیں، پی ٹی آئی کے بے گناہ کارکنوں کو ہراساں کرنے اور اغوا کرنے سے روکا جائے۔
