اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس حملے کو بزدلانہ کاروائی قرار دیا ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کی ترقی سے خائف ہیں اور اس طرح کی کاروائیوں کے ذریعے ترقیاتی عمل کو روکنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور سیکیورٹی فورسز کا عزم اور حوصلے بلند ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے دہشت گردکے حملے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس مشکل وقت میں ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور پاکستان کی افواج، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز نے جرات اور بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کی ہے اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملک میں امن و امان قائم کرنے کیلئے قربانیاں دی ہیں۔
