اسلام آباد(این این آئی)صدرآصف علی زرداری کے متنازعہ پیکا ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کے بعدقانون بن گیا۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے متنازعہ پیکا ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کر دئیے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام (ترمیمی)بل 2025(پیکا)کی توثیق کردی۔الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام کا ترمیمی بل 2025صدر کے دستخط کے بعد قانون بن گیا، اس سے قبل یہ بل قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ سے بھی منظور کیا گیا تھا، پیکا ترمیمی بل کے خلاف صحافیوں نے پارلیمنٹ کی کارروائی سے واک آؤٹ بھی کیا تھا۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ کہ بل کا تعلق اخبار یا ٹی وی سے نہیں، صرف سوشل میڈیا کو ڈیل کرے گا، یہ بل قرآنی صحیفہ نہیں، اس میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ یہ قانون برائے اصلاح نہیں، قانون برائے سزا ہے اور ہم اس کے لیے استعمال نہیں ہو سکتے۔ اس قانون کے بعد کسی پر بھی پیکا لگا دیں، حکومتی بینچز میں کسی نے اس بل کو پڑھا بھی نہیں ہوگا۔ایمل ولی خان نے کہا تھا کہ پیکا قانون سے بوٹوں کی خوشبو آرہی ہے، اظہار رائے پر پابندی لگائی جارہی ہے۔
