اسلام آباد(این این آئی) وزیراعظم نے یوتھ کونسل کے سب سے کم عمر اور مل کر آرگنائزیشن کے سربراہ علی سیف کو ایوارڈ سے نوازا۔اسلام آباد میں دولت مشترکہ ایشیا یوتھ الائنس سمٹ میں وزیراعظم نے یوتھ کونسل کے ارکان سے حلف لیا،ملک کے سب سے بڑے والنٹیئر نیٹ ورک مل کر پاکستان نے یوتھ ایکسیلینسی ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے کم عمر ماحولیاتی چیمپئن علی سیف نے کہاہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کیلئے نوجوانوں کو سب سے زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان نوجوانوں کا ملک ہے، اس کا مطلب ہے کہ پاکستان کی 70فیصد آباد نوجوان ہے اور جب اسموگ آیا تھا تو نوجوانوں نے ایک لاکھ سے زائد درخت لگائے تھے اور ایک لاکھ ماسک بھی تقسیم کیے تھے۔انہوں نے کہاکہ میں خود بھی ماحول دوست نوجوان ہوں، حال ہی میں ہم نے بڑی تعداد میں برڈ فیڈرز انسٹال کیے ہیں۔ میں تمام لوگوں سے درخواست کروں گا کہ وہ بھی ماحول دوست بنیں۔انہوں نے کہا کہ ہم 2030تک پورے پاکستان میں برڈ فیڈرز لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
