پشاور (این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء کیپٹن (ر)صفدر نے کہا کہ جلد قائد مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا سے سیاسی مہم کا آغاز کرنیوالے ہیں، وہ سوات اور دیگر علاقوں کا دورہ کرینگے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن صفدر نے کہا کہ کہ ملک ترقی کر رہا ہے، یہ پانچ سال ملے تو اگلے پانچ سال ضرور ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو کہتا ہوں وہ ایک ہفتہ اس صوبے کو بھی دیں، اگر وہ نہیں آتیں تو خیبرپختونخوا کے وزیر اعلی کو تھوڑی تربیت دیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا انتہائی برا حال ہوگیا ہے، خیبرپختونخوا کا حال تورا بورا سے زیادہ مختلف نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ باقی صوبوں کے مقابلے میں خیبرپختونخوا بہت پیچھے رہ گیا ہے، ہم خیبرپختونخوا کو آگے لے جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور وفاق ترقی کر رہا ہے، ڈالر اور پٹرول کی قیمتیں رک گئی ہیں، خیبرپختونخوا حکومت کا ایک ہی کام ہے، گاڑیاں بھرو اور ڈی چوک چلو۔
