کراچی (این این آئی)اداکار و ہدایتکار یاسر نواز نے کہا ہے کہ میں ندا یاسر کے مارننگ شو کی میزبانی کیخلاف تھا،اہلیہ نے مارننگ شو آگے اور گھر کو پیچھے کردیا تھا۔ ایک انٹرویو میں اداکار یاسر نواز نے بتایا کہ میں شروع میں ندا یاسر کے مارننگ شو کی میزبانی کے سخت خلاف تھا، میں نہیں چاہتا تھا کہ ندا یاسر مارننگ شو کریں، ندا یاسر صبح جاتی اور رات 10، 11بجے گھر واپس آتی تھیں، انہوں نے مارننگ شو آگے اور گھر کو پیچھے کردیا تھا۔یاسر نواز نے کہا کہ ان دنوں مارننگ شوز کے درمیان سخت مقابلہ چل رہا تھا، ندا یاسر کے مد مقابل شائستہ لودھی اور نادیہ خان کے مارننگ شوز تھے، اس دوڑ میں ندا یاسر گھر کو نظر انداز کرنے لگی تھیں، اس سلسلے میں میرے اور ندا کے درمیان اختلاف بھی رہنے لگے تھے۔اداکار نے بتایا کہ ندا یاسر کے مارننگ شو سے سوشل میڈیا پر کچھ بھی وائرل ہوتا تھا تو میں سکرین شاٹ لے کے ندا کو بھیجتا اور ندا پر تنقید کیا کرتا تھا کہ یہ دیکھ لو، اور کرو مارننگ شو۔انہوں نے بتایا کہ اب ندا یاسر صبح جاتی ہیں 12، 1بجے گھر واپس آ جاتی ہیں۔اداکار یاسر نواز نے کہا کہ سب سے پہلے خاندان اور گھر ضروری ہے، آپ کا کام اور اداکاری بعد میں آتی ہے مگر گھر اور بچے پہلی ترجیح ہونے چاہئیں۔
