ملتان(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہاہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی حلف برادری میں پاکستان سے صرف نوجوان قائد بلاول بھٹو زرداری کو مدعو کرنا پاکستان کیلئے اعزاز بھی ہے اور بین الاقوامی سطح پر بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی بصیرت کا اعتراف ہے ۔جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ ملک میں نفرت و انارکی کی سیاست کی ہے اور کر رہی ہے پی ٹی آئی کا نعرہ تھا کرپشن مکاو اب جب کرپشن ثابت ہونے پر عمران نیازی کو سزا ملی ہے تو ہی ٹی آئی کو تو اس عمل پر افسوس کے بجائے خوش ہونا چاہیے القادر ٹرسٹ کیس میں عدالت نے جو فیصلہ دیا ہے وہ انصاف پر مبنی ہے کیونکہ پی ٹی آئی کے وکلا عدالت میں عمران نیازی کو اس کیس میں بے گناہ ثابت نہیں کر پائے اس فیصلہ سے ملک میں احتساب کا عمل مضبوط ہوگا اور قانون کی حکمرانی کو تقویت ملے گی کیونکہ قانون کی حکمرانی قائم کرنا ملک و قوم کیلئے اس وقت لازم و ملزوم ہے عدالت کے اس فیصلہ سے یہ بھی ثابت ہوگیا کہ ملک اب کرپشن اور بدعنوانی کو متحمل نہیں ہوسکتا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اگلے جہاں کے احتسابی عمل کیلئے خود کو تیار کرنا ہوگا اور اپنے درمیان حائل نفرت کی دیواروں کا خاتمہ کر کے سراب دکھانے والوں کی اندھی تقلید کرنے سے بچنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ مستقبل پاکستان پیپلزپارٹی اور نوجوان قائد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ہے کیونکہ پاکستان کے داخلی و خارجی مسائل کا حل پیپلزپارٹی کے قائدین صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے پاس ہے۔
