اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ایف بی آر میں ڈیجیٹائز یشن اور اصلاحات کے حوالے سے گزشتہ مہینوں میں اہم پیشرفت ہوئیں ،انسانی مداخلت کو کم سے کم کر کے، نظام کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر منتقل کیا جائے ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نے کہاکہ ایف بی آر میں ڈیجیٹائز یشن اور اصلاحات کے حوالے سے گزشتہ مہینوں میں اہم پیشرفت ہوئیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسٹم نظام میں کم سے کم انسانی مداخلت پر مبنی نظام متعارف کروایا گیا ہے جو کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔ فیس لیس کسٹم اسیسمینٹ سسٹم میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے وزیراعظم نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام اور ایف بی آر کو مل کر کام کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزی راعظم نے کہاکہ انسانی مداخلت کو کم سے کم کر کے، نظام کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر منتقل کیا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ فیس لیس اسسمنٹ نظام کو کراچی کے بعد دوسرے شہروں میں بھی جلد از جلد لاگو کیا جائے تاکہ ملک بھر میں ہونے والی تمام درآمدات اس نظام سے مستفید ہوسکیں ۔وزیراعظم نے مزید صنعتی شعبوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی ۔اجلاس کو ایف بی آر کی حالیہ اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی کہ کراچی بندرگاہ کے تمام ٹرمینلز پر کسٹم کا فیس لیس نظام فروری 2025 کے اختتام تک مکمل فعال ہو جائے گا ۔ بتایاگیاکہ جلد ہی یہ نظام پورے ملک میں فعال ہو جائے گا جس کے لیے تیزی سے کام جاری ہے ،فیس لیس کسٹم نظام کی نگرانی کے حوالے سے مرکزی کنٹرول روم قائم کیا جا رہا ہے ۔بتایاگیاکہ انسپکشن کے نتائج کے اندراج کے سسٹم میں مزید شفاف بنانے کے حوالے سے باڈی کیمراز اور ٹیبلیٹس کا استعمال یقینی بنایا جائے گا ۔ بتایاگیاکہ تمام ٹرمینلز پر موبائل فون سگنلز جیمرز اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں تاکہ انسپکشن کے نظام کو مزید شفاف بنایا جا سکے،کسٹم کے نئے نظام کے لئے شفاف بھرتیوں کے عمل کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔ بتایاگیاکہ ٹوبیکو ، فرٹیلائزرز ، شوگر اور سیمنٹ انڈسٹری کے تمام صنعتی یونٹس میں ٹریک اینڈ ٹریس کا نظام نافذ ہو چکا ،اسی طرح ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ سے 2023ـ2024 میں پچھلے مالی سال کی نسبت ٹوبیکو, شوگر, سیمنٹ اور فرٹیلائزرز انڈسٹری سے حاصل کی جانے والے محصولات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ۔ بتایاگیاکہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے مکمل نفاذ سے اس سال تمام ان تمام انڈسٹریز سے حاصل ہونے والی محصولات میں مزید بہتری متوقع ہے ۔ بتایاگیاکہ وزیراعظم کی ہدایت پر ویب بیسڈ ون کسٹمز کی اپ گریڈیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کا ڈیزائن مارچ کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔