اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے فنڈز اکٹھا کرنے کیلئے سنٹرل فنانس بورڈ قائم کردیا اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق سنٹرل فنانس بورڈ 13ممبران پر مشتمل ہے، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سمیت 13ممبران موجود ہیں۔سنٹرل فنانس بورڈ کے ٹی آو آرز بھی تفصیلاً جاری کیے گئے ہیں جن کے مطابق بورڈ پارٹی کے اکاؤنٹس مینیج کرے گا جبکہ قانون کے تحت اکاؤنٹس کا آڈٹ کرنے کی ذمہ داری بھی بورڈ پر عائد ہو گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق فنانس بورڈ پارٹی کیلئے فنڈنگ اکٹھا کرے گا اور اس کا حساب بھی رکھے گا، سیاسی کمیٹی کی منظوری کے بعد 15جون کو بورڈ پارٹی کا بجٹ بھی بنائے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق بورڈ سیکرٹری جنرل یا چیئرمین کی اجازت کے بغیر بجٹ میں تبدیلی نہیں کرسکے گا۔