پشاور(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما کیپٹن (ر)محمد صفدر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے نوجوانوں میں بے حیائی اور بدتمیزی بڑھائی ہے۔پشاور میں ایم پی اے ملک طارق اعوان کی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن (ر)صفدر نے کہاکہ پنجاب میں ترقی ہو رہی ہے یہاں کوئی کام نہیں ہو رہا،پی ٹی آئی نے ملک طارق کو وزیر بنانے کی پیشکش کی مگر انہوں نے انکار کر دیا۔انہوںنے کہاکہ بانی پی ٹی آئی سے پوچھتا ہوں کہ انہوں نے ابھی تک یہاں کیا کام کیا ہے؟ یہاں کوئی آئی ٹی یونیورسٹی یا کوئی ہسپتال بنایا ہے؟۔انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے ترسیلات زر روکنے کی کال دی، یہ 9 مئی سے بڑا حملہ ہے۔کیپٹن (ر)صفدر نے کہا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، پی ٹی آئی کے پاس دھمکیوں کے علاوہ کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ پشاور کی صحافی برادری نے میرا مشکل وقت میں بہت ساتھ دیا ہے، شہباز شریف خیبر پختونخوا کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، کے پی اپنے محل و قوع کے باعث پنجاب سے زیادہ کامیاب صوبہ بن سکتا ہے۔کیپٹن صفدر نے کہاکہ یہ صوبہ آگے جائے گا، یہاں وسائل کی کمی نہیں۔انہوںنے کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے نوجوانوں میں بے حیائی اور بدتمیزی بڑھائی ہے، وہ اپنے جلسوں میں دوسروں کے بچوں کو مرواتے ہیں مگر اپنے بچے انگلینڈ میں ہیں۔