جدہ(این این آئی)سعودی عرب کیشہر جدہ میں اسلامی آرٹس بینالے 2025 کے عنوان سے اسلامی فنون کی نمائش میں پہلی بار مکہ مکرمہ سے باہر غلافِ کعبہ کی نمائش کی جائے گی ۔عرب ٹی وی کے مطابق یہ ایونٹ درعیہ بینالے فانڈیشن کی میزبانی میں جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل پر 25 جنوری سے 25 مئی تک ہو گا۔نمائش میں زائرین غلافِ کعبہ کی تیاری اور کشیدہ کاری دیکھ سکیں گے جو ریشم سے تیار ہونے کے بعد سونے اور چاندی کے دھاگوں سے مزین کیا جاتا ہے۔کنگ عبدالعزیز کمپلیکس برائے کسوہ کعبہ میں کعبہ مشرفہ کے لیے ہر سال نیا غلاف تیار کیا جاتا ہے جو خوبصورت زری اور فضی کشیدہ کاری کے ساتھ قرآنی آیات کا حامل ہوتا ہے۔درعیہ بینالے فانڈیشن کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غلافِ کعبہ قرآنی آیات ، اسما حسنہ اور اسلامی طرز کی آرائش کے ساتھ اسلامی فنون کی تخلیق کی اعلی ترین شکل تصور کیا جاتا ہے۔نایاب اسلامی فن پاروں کی عکاسی کرتی یہ نمائش سعودی عرب میں اسلامی خدمات کے دہائیوں پر محیط اہم کردار کو اجاگر کرے گی اور غلافِ کعبہ کی تیاری کے مراحل میں غیر معمولی مہارت اور ہنرمندی پیش کرے گی۔اسلامی آرٹس بینالے 2025 میں غلافِ کعبہ کی نمائش کے ساتھ ساتھ تاریخی اسلامی نوادرات اور جدید فن پارے بھی رکھے جائیں گے۔منتظمین کی رائے کے مطابق اس نمائش کا مقصد 2023 کی نمائشی تقریب میں شرکت کرنے والے زائرین کی چھ لاکھ سے زائد تعداد کا ہدف عبور کرنا ہے۔سعودی عرب کے وژن 2030 کو فروغ دینے کے لیے یہ اسلامی نمائش زائرین کے مذہبی اور ثقافتی تجسس کو تسکین دینے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے اسلامی ورثے کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔