لاہور(این این آئی)وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مسلم لیگ ن کی اتحادی پیپلزپارٹی پر بھی تنقید کے نشتر برسادیے۔اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں کام ہورہا ہے اور نظر بھی آرہا ہے، مریم نواز کی کارکردگی سے حسد وہ کررہے جو کئی برس سے حکومتوں میں بیٹھے ہیں، ایک جماعت ایک صوبے میں 16 سال سے دوسری 12 سال سے اقتدار میں ہے، ان دونوں سے کارکردگی پوچھیں تو مظلومیت کارڈ اور ذاتیات کارڈ کھیلنا شروع کردیتے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو کارکردگی سے مقابلہ نہیں کرسکتے وہ زبان درازی میں مقابلہ کرنا چاہتے ہیں، نواز شریف کے وڑن اور انکی لیڈرشپ میں پاکستان آگے بڑھ رہا ہے، شہبازشریف اور مریم نواز کی انتھک محنت سے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں آئی ہیں، مشکل وقت گزر چکا اب ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہورہا ہے۔بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز پنجاب کا پیسہ وفاق پر چڑھائی کے لیے نہیں بلکہ پنجاب کے عوام پر خرچ کررہی ہے، اب جعلی پیری مریدی کا کاروبار چلانے والوں کے بچے بھی مریم نواز کو طعنے دیں گے۔ مریم نواز جانوروں کے ساتھ سیاسی بونوں اور سیاسی نیم پاگلوں کا بھی علاج کریں گی۔وزیراطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ مریم نواز کی چند ماہ کی کارکردگی باقی صوبوں کے لیے مثال ہے، پنجاب گڈ گورننس، میرٹ اور کارکردگی میں تمام صوبوں سے لیڈ کررہا ہے، مریم نواز صوبے کے وسائل سے لوگوں کو اسکالرشپ، گرین ٹریکٹر، لائیو اسٹاک کارڈ دے رہی ہیں۔