اسلام آباد (این این آئی)رہنماء پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ اہلیہ کو عزت دینی، جذبات مجروح نہیں کرنے چاہئیں، جب دوسری شادی کر کے آپ اس کی محبت کو بانٹتے ہیں تو یہ بات بندے کو مارنے کے مترادف ہے۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے دوسری شادی بارے سوال پر کہا کہ اس بارے دیئے گئے میرے بیان پر مذہبی حلقوں نے تنقید کی تھی، اللہ تعالی نے ایک سے زائد شادیوں پر شرط رکھی ہے کہ اگر آپ انصاف کرسکتے ہیں تو شادی کرلیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا عقیدہ ہے کہ ہمیں زندگی ایک بار ملنی ہے اور اگر ایک بار ملنے والی زندگی میں ہی آپ اپنی بیوی کی سوتن لے آئے تو اس کی زندگی میں کیا رہ جائے گا اور اللہ نے جب آپ کی قسمت آپ کی اہلیہ کے ساتھ ملا دی ہے تو میرا خیال ہے کہ آپ کو اس کیلئے ہر قسم کی قربانی اٹھانی چاہیے۔ شیر افضل مروت نے بتایا کہ میرے چچا نے پانچ شادیاں کی تھیں اور میں ان کو دیکھتا آیا کہ وہ جو تازہ شادی کرتے تھے پھر اسی بیگم کے ہوجاتے تھے اور پہلے والی بیگم سے ان کا پیار کم ہوجاتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے آپ کو جو شریک حیات دی ہے اس کا مطلب یہی ہے کہ وہ آپ کی زندگی کی ایک بنیادی اکائی ہے اور میں ایک فیملی کورٹ جج رہا ہوں اس دوران میں نے بہت سارے گھروں کو ٹوٹتے دیکھا ہے ، اپنی اہلیہ کو عزت دینی چاہیے اور سب سے بڑی اس کے جذبات کو مجروح نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جب آپ اپنی اہلیہ کی محبت کو شیئر کرتے ہیں تو یہ بات بندے کو مار دینے کے مترادف ہے ۔