اسلام آباد(این این آئی)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار کے اگلے مہینے دورہ ملائشیا و بنگلادیش کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔ اسلام آباد سے سفارتی ذرائع کے مطابق اسحق ڈار 3فروری سے 5فروری تک ملائشیا کا دورہ کریں گے،دفترخارجہ نے ملائشیا کے دورے سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دینا شروع کردی۔ذرائع کے مطابق اسحق ڈار کو ملائشیا کے دورے کی دعوت ملائشین وزیراعظم انور ابراہیم نے دی ہے۔ دورے کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ملائشیا کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ دورے کے دوران اسحق ڈار کی ملائشین وزیراعظم انور ابراہیم سمیت دیگر قیادت سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ سفارتی ذرائع نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اگلے ماہ بنگلادیش کا دورہ بھی کریں گے۔ اسحاق ڈار بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔