رحیم یارخان(این این آئی)متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں وزیراعظم شہباز شریف کو اپنی گاری بیٹھا کر خود ڈرائیونگ کی اور اس دوران دونوں کے درمیان غیررسمی اور خوش گوار گفتگو ہوئی۔وزیراعظم آفس نے وزیر اعظم شہباز شریف کی متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زاید النہیان سے رحیم یار خان میں ملاقات کی ویڈیو جاری کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں انتہائی خوش گوار موڈ میں گفتگو کر رہے ہیں۔صدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید النہیان نے خود گاڑی چلائی اور وزیر اعظم شہباز شریف ان کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں اور گاڑی میں کافی دیر تک دونوں رہنماؤں کی غیر رسمی اور خوشگوار گفتگو ہوئی۔وزیراعظم نے صدر متحدہ عرب امارات کو ان کے دوسرے گھر پاکستان میں خوش آمدید کہا اور غیر رسمی گفتگو کے دوران دونوں رہنما ہنستے مسکراتے نظر آئے۔
