کوئٹہ(این این آئی)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے پہاڑی علاقوں میں برف باری بھی شروع ہو چکی ہے ،بلوچستان خصوصی طور پر شدید سردی اور برفباری کی لپیٹ میں ہے ایسے حالات میں گھریلو صارفین گیس کی عدم دستیابی کا سامنا کر رہے ہیں صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے حکومت عوام کی مشکلات میں اضافہ کرنے کی بجائے کمی کرے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ ملک بھر میں گیس کے صارفین گیس کی عدم دستیابی کی شکایت کرتے ہیں اگر کہیں گیس آ بھی رہی ہو تو گیس کا پریشر نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے گیس کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگیاں اجیرن کر رکھی ہیں اس پر مستزاد گیس کے بھاری بلوں کا بروقت آنا ہے گیس آئے یا نہ آئے گیس کے بل وقت پر ادا کرنا پڑتے ہیں گیس کی دستیابی کئی برس سے ایک بحران کی صورت اختیار کر گئی ہے گزشتہ کئی حکومتوں نے گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے درست اقدامات نہیں کئے جس کی وجہ سے عوام مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے کہا کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی مسائل کو سنجیدگی سے حل کرے مسائل کا بروقت حل تلاش نہ کرنا حکومتوں کی غیر ذمہ داری اور نا اہلی کا ثبوت ہیں جو حکومت ملک اور عوام کے مسائل بروقت حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی اسے حکمرانی کا کوئی حق نہیں سردیوں کے آغاز سے پہلے ہی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہئے تھی کئی برس سے ہر برس عوام ایسے ہی مسائل کا سامنا کر رہی ہے دیگر صوبوں کی نسبت گیس کی فراہمی کے حوالے سے سب سے زیادہ بلوچستان کی عوام نظر انداز کی جا رہی ہے۔