اسلام آباد(این این آئی)رہنما تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ عمران خان کافوجی عدالت میں ٹرائل ہواتوایک بچگانہ حرکت ہوگی،یورپی یونین نے ملٹری کورٹ بارے تحفظات کا اظہارکیاہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ ملٹری کورٹ میں سویلین کا ٹرائل انسانی حقوق کی نفی ہے، ملٹری کورٹ میں سویلین کا ٹرائل نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ یورپی یونین نے بھی ملٹری کورٹ بارے تحفظات کا اظہارکیا، فوجی عدالتوں میں جو ہوتا ہے ہم سب جانتے ہیں، اگربانی کا فوجی عدالت میں ٹرائل ہوا توایک بچگانہ حرکت ہوگی،پی ٹی آئی کے دور میں بھی اگر کسی کو فوجی عدالتوں سے سزا ہوئی توغلط ہوا۔سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ فوجی عدالتوں میں مقدمات سننے والے وزارت دفاع کے افسران ہوتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو کوئی بڑی سزا ہوئی توکوئی نہیں مانے گا، پارٹی کو دباؤ میں رکھنے کے لیے ہمارے لوگوں کو قید میں رکھا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نومئی،26نومبر پر عدالتی کمیشن،قیدیوں کی رہائی ہمارے مطالبے ہیں، بانی پی ٹی آئی کوکوئی ڈیل آفرنہیں ہوئی، عمران خان کے لیے مختلف آپشنز سے متعلق باتیں تو چل رہی ہیں، ملک کے لیے بانی پی ٹی آئی کی رہائی ضروری ہے۔