اسلام آباد(این این آئی)تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہاہے کہ ہداف کے حصول کیلئے اچھی نیت، سخت محنت کیساتھ ساتھ بہترین تربیت کا حامل ہونا ناگزیر ہے۔تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ دو روزہ التربیکیمپ 2024 سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ اہداف کے حصول کیلئے اچھی نیت، سخت محنت کے ساتھ ساتھ بہترین تربیت کا حامل ہونا ناگزیر ہے، نیت اچھی ہو مگرکام کرنے کا سلیقہ اور طریقہ نہ ہو تو منزل ہاتھ نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ترقی یافتہ دنیا کی ترقی کا راز ان کی اعلیٰ مہارتیں اور تربیت ہے۔ تربیت کے بغیر محنت مشقت بن جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ تربیت سے خود اعتمادی اور مستقل مزاجی پیدا ہوتی ہے، فرد یا معاشرے کی ترقی مناسب تربیت کے بغیر ممکن نہیں ہے،قرآن مجید نے تربیت کی اس ضرورت کو تزکیہ نفس سے تعبیر کیا ہے، تزکیہ نفس سے مراد اخلاق و کردار کی حفاظت و تربیت ہے، دین کے کام کو اس کی روح کے مطابق انجام دینے کے لئے تعلیم و تربیت کا حصول جزولاینفک ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی مقاصد کے لئے یہاں جمع ذمہ دار خواتین مبارکباد کی مستحق ہیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی مرکزی صدر ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ذمہ داری ملنے کا مطلب مقاصد کے حصول کے لئے اپنے حلقہ اثر کو وسعت دینا اور مشن کے پیغام کو ہر گھر کی دہلیز تک پہنچانا ہوتا ہے۔ اہداف کے حصول کے لئے موثر منصوبہ بندی کرنا عہدیدار کا فرض اولین ہے۔ تربیت یافتہ افرادی قوت منزل کے حصول کو یقینی بناتی ہے۔ تربیت سے آپ مشکلات کو دور اور رکاوٹوں کو عبور کرتے ہیں۔ تربیت سے حوصلہ ملتا اور صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ تربیتی کیمپ 2024 سے صدر ویمن لیگ ڈاکٹر فرح ناز، نائب صدر سدرہ کرامت نے بھی اظہار خیال کیا۔ تربیتی کیمپ میں مرکزی رہنماؤں ام حبیبہ اسماعیل، انیلا الیاس، عائشہ مبشر، عائشہ شبیر، لبنی مشتاق، رافع عروج ملک بھی شریک تھیں۔