اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم شہبازشریف نے 25دسمبر کو اذال ایئر لائن کے المناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر آذربائیجان کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیاہے۔جمعرات کو وزیراعظم شہبازشریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے 25دسمبر 2024کو اذال ایئر لائن کے المناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر آذربائیجان کے عوام کیساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم آذربائیجان کے برادر عوام کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور سوگوار خاندانوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے اللہ تعالی سے دعاگو ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان کے برادر عوام صبر و استقامت سے اس سانحے کا سامنا کریں گے۔ دونوں برادر ممالک کے درمیان شاندار دوطرفہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے صدر علییوف کو یقین دلایا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں آذربائیجان کو درکار ہر تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔صدر علییوف نے افسوسناک واقعے کے تناظر میں حمایت اور یکجہتی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا اس موقع آذر بائیجان کے ساتھ کھڑا ہونا دونوں ممالک درمیان دوستی کے پائیدار رشتے کا عکاس ہے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوستی کے مضبوط رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔ قبل ازیں وزیراعظم نے اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفارتخانے کا دورہ بھی کیا اور گزشتہ روز طیارے کے حادثے کے حوالے تعزیتی کتاب پر اپنے تاثرات قلمبند کئے۔