اسلام آباد (این این آئی)نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد ایلچی کے بیان پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو ہماری خود مختاری کا احترام کرنا ہوگا۔ ایک انٹرویو میں سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت کا موقف واضح ہے کہ یہ ہمارا اندرونی معاملہ ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ ان کا پالا ہوا بچہ دوبارہ اقتدار میں آئے۔ انہوںنے کہاکہ اس طرح کے بیانات سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا کوئی امکان نہیں۔ بانی پی ٹی آئی پر کرپشن اور آئین توڑنے کے الزامات ہیں۔خیال رہے کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ چاہتی ہے کہ سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے، اْن پر ویسے ہی الزامات ہیں، جیسے ٹرمپ پر تھے۔