اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والی ہنگامہ آرائی کے دوران راولپنڈی میں جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والے شرپسند عناصر کے نام افشا ہو گئے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 9مئی کو ہونے والی ہنگامہ آرائی کے دوران جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والوں کی مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر موجود ویڈیوز کے ذریعے شناخت کر لی گئی ہے اور اس سلسلے میں نادرا کی بھی مدد لی گئی ہے۔
جن افراد کی شناخت ہوئی ہے ان میں سے اکثریت کا تعلق راولپنڈی اور دارالحکومت اسلام آباد سے ہے، نادرا کی مدد سے ان ملزمان کے گھر کے پتے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سرگرم ہیں۔ ملزمان میں افشاں کامران، فاطمہ احسان، شبانہ فیاض، عابد ملک، عاصم خورشید، زاہد علی شاہ، خان کاشف خان، منیر احمد، جہانگیر احمد، محمد عثمان قریشی، ابوبکر احمد، پیرزادہ شہباز ناصر اور حماد خان سمیت دیگر شامل ہیں۔