غزہ (این این آئی )حالیہ عرصے کے دوران میں تمام مثبت اشارے اس بات کا پتا دے رہے ہیں کہ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا اعلان قریب ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی ذرائع نے انکشاف کیا کہ غزہ کی پٹی میں یرغمال بعض قیدیوں کے گھر والوں کو اس بات کے اشارے ملے ہیں کہ ان کے پیارے زندہ ہیں۔ ان گھرانوں کو نمایاں پیش رفت ہونے سے آگاہ کیا گیا ہے اور ممکن ہے کہ آئندہ 7 سے 10 روز میں ابتدائی سمجھوتا طے پا جائے،بعض دیگر اسرائیلی ذرائع نے انکشاف کیا کہ مذاکرات کے ذمے داران چاہتے ہیں کہ یرغمالیوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو زندہ واپس لایا جائے بالخصوص تبادلے کا پہلا دور جس میں خواتین اور 65 برس سے زیادہ کے مرد شامل ہوں گے۔اسرائیل کوششیں کر رہا ہے کہ پہلے مرحلے میں مذکورہ طبقے کے علاوہ زخمیوں اور مریضوں کو شامل کروایا جائے۔فائر بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاملے نے اسرائیلی حکومت اور حماس تنظیم دونوں پر دبا ڈالا ہے۔ بالخصوص غزہ کی پٹی میں ہونے والی بڑی تباہی جو گذشتہ 14 ماہ تک اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں پھیلی۔