لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی سانحہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ ساز تھا، سانحہ 9 مئی کے سیاسی دہشتگرد کیفر کردار کو پہنچے، نو مئی کے واقعات میں ملوث 25 ملک دشمن عناصر کو سزائیں سنا دی گئی ہیں، یہ خوشی کا دن ہے، شہداء کے لواحقین کو انصاف مل گیا ہے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے تشدد کی سیاست کی بنیاد ڈالی، نو مئی کو شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی قوم کبھی نہیں بھولے گی، ملکی سالمیت کے خلاف جس نے بھی کام کیا اسے کٹہرے میں لایا جائے گا، جس نے چوری کی آج بھگت رہا ہے لیکن پھر بھی ملک دشمنی سے باز نہیں آ رہا، نو مئی کوئی عام دن نہیں تھا، یہ ایک سانحہ تھا، سانحہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت تیزی سے بہتری کی طرف گامزن ہے، پی ٹی آئی نے نفرت و تشدد کی سیاست کو فروغ دیا، حلقہ میں ترقیاتی کاموں کا آغاز عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو حلقہ پی پی 160 میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ملک اسد علی کھوکھر، چیئرمین یونین کونسل غلام حسین بھٹی، مسلم لیگ (ن)کے رہنما چوہدری عبدالغفور، ملک اعجاز حسین کھوکھر سمیت عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک انتشاری ٹولہ سیاسی مفادات کیلئے اپنے ہی ملک کے خلاف سازش پر اتر آیا ہے، 9 مئی کو فتنہ پھیلانے والے ٹولے نے اپنے ہی ملک پر حملہ کیا اور ملکی دفاع کو کمزور کرنے کی کوشش کی، جو کام دشمن بھی نہ کر سکا ان لوگوں نے کیا، شہدا کے مجسموں کو آگ لگا دی، یادگاروں کو اینٹیں ماریں، 9 مئی کا واقعہ تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے جس کا ماسٹر مائنڈ بانی چیئرمین پی ٹی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک سب سے پہلے ہے اور سیاست بعد میں ہے، کیسے بھی سیاسی معاملات ہوں، ہم نے ملکی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دی، پی ٹی آئی نے ملک میں نفرت اور انتشار کی سیاست کو فروغ دیا، ہم نے بھی جیلوں کی صعوبتیں برداشت کیں اور کبھی بھی تشدد، انتشار اور نفرت کی سیاست نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ آج خوشی کا دن ہے، میں اپ کو خوشخبری سناتا ہوں کہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر آج 9 مئی کے واقعات میں ملوث 25 مجرموں کو سزائیں سنا دی گئی ہیں، آج شہداکے لواحقین کو انصاف ملک گیا ہے، اس گھناو نی سازش میں ملوث دیگر عناصر کے چہرے بھی بے نقاب ہوں گے اور سانحہ 9 مئی کیس منطقی انجام کو پہنچیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں نالائق ٹولے نے ملک کو دیوالیہ کیا، دوست ممالک کو ناراض کیا، آئی ایم ایف کو امداد دینے سے روکا گیا، ہم نے اپنی سیاست کی پروا کئے بغیر نہ صرف ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا بلکہ ملک کی معیشت کو درست ٹریک پر گامزن کیا۔ عطااللہ تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں آج ملک کی معیشت میں بہتری آ چکی ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار اسٹاک ایکسچینج ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کر چکی ہے، مہنگائی کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے اور 4 فیصد کی شرح تک آگئی ہے، ترسیلات زر 8.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، شرح سود میں واضح کمی واقع ہوئی ہے، زرمبادلہ میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، آنے والیدنوں میں مزید خوشخریاں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے سربراہ پاک فوج نے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا، ناراض دوستوں کو قائل کیاگیا، بیرونی سرمایہ کاروں نے ملک میں سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے جو حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے، مسلم لیگ(ن )کے دور حکومت میں ہمیشہ ملک نے ترقی کی، پہلے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اب معاشی طاقت بنائیں گے جس کے لئے وزیر اعظم دن رات کوشاں ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ ہیں، عوام کو مایوس نہیں کریں گے، ملک بھر ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہو چکا ہے جس کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کے لوگوں نے مجھے ہمیشہ پیار اور محبت دی جس پر میں ان کا شکر گزار ہوں۔ حلقہ میں ترقیاتی کام اسی طرح جاری رہیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی ملک اسد علی کھوکھر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ یو سی 229 کو مثالی یو سی بنائیں گے جس کے لئے حکومت نے 1 ارب ساڑھے 3 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے ہیں۔