اسلام آباد(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے معاملات 9مئی اور 26نومبر کو ایک طرف رکھ کر آگے بڑھنے چاہئیں۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہاکہ مذاکرات کا معاملہ آگے بڑھنا چاہیے، حکومت کو اب مذاکرات کے معاملات 9مئی اور 26نومبر کو ایک طرف رکھ کر آگے بڑھنے چاہئیں۔انہوںنے کہاکہ سول نافرمانی غداری کے مرتکب ہونے والی بات ہوتی ہے، تھریٹ کر کے نہ چلیں ، دونوں کو کھلے دل کیساتھ بیٹھنا چاہیے جبکہ صدر مملکت آصف زرداری مذاکرات کا خیرمقدم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے مثبت بات کی کہ شرائط نہیں ہونی چاہئیں تاہم، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد بیرسٹر علی ظفر نے کچھ شرائط کی بات کی، پی ٹی آئی اپنے لیے مشکلات پیدا کر کے اب مذاکرات کیلئے آگے آئی ہے ۔