سیالکوٹ (این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت کے ہاتھ میں کچھ نہیں، سارے فیصلے بانی پی ٹی آئی کرتے ہیں وہ حکومت سے مذاکرات کا کہیں تو دیکھیں گے کیا کرنا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ موجودہ قیادت میں جتنے رہنما موجود ہیں ہر ایک اپنی بولی بول رہا ہے، جب تک بانی پی ٹی آئی کا واضح پیغام نہیں آتا مذاکرات کی بنیاد نہیں رکھی جاسکتی، پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کے آپس میں اختلافات ہیں، یہ سب ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کر رہے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ یہ سب بانی پی ٹی آئی سے ہدایت لیتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو حکومت سے کہنا چاہیے کہ وہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، بعض لوگ بہت جلد اپنی اوقات بھول جاتے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ امریکا سے تعلقات میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے، ہمارے ملک میں کیا ہونا چاہیے کیا نہیں اس کا ہمیں بہتر پتہ ہے، اپنے مفادات کا تحفظ ہم نے کرنا ہے، امریکا یا کسی اور ملک کو نہیں پتہ، ہم بہتر سمجھتے ہیں کہ ہمارے فائدے میں کیا ہے اور نقصان میں کیا ہے۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ امریکا سے ہمارا گہرا تعلق ہے، پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اور امریکا کیساتھ اچھے تعلقات ہیں، ہمارے بہت سے مالی ادارے ہیں جن کی امریکا وقتا فوقتا مدد کرتا ہے، اگر امریکا ہم سے ناراض ہوتا تو کیا آئی ایم ایف کا پروگرام ہمیں مل سکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں موجودہ حکمرانوں سے ہماری سلام دعا 70 کی دہائی سے ہے۔