اسلام آباد (این این آئی)سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واڈا نے کہا ہے کہ عمران خان کا ٹوئٹر اکائونٹ منظم پروپیگنڈا کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کے ٹوئٹر کو وقتی طور پر نظر انداز کریں۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں انہوںنے کہاکہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا ٹوئٹر اکائونٹ منظم پراپیگنڈا کے لیے استعمال کیا جارہا ہے، وہ اپنا ٹوئٹر ہینڈل خود نہیں چلاتے۔فیصل واڈا نے کہا کہ یہ وہی سازشی مہم ہے جس میں بی بی ، ان کے حواری اور قاسم سوری جیسے لوگ ہیں جنہوں نے عمران خان کو پاگل قرار دینے سے مارنے تک کی سازش کر رکھی ہے۔انہوںنے کہاکہ سب مل کر بانی پی ٹی آئی کو اس دلدل میں لے جا رہے ہیں جہاں سے اس کی واپسی نہ ہو، گزشتہ روز اسٹیبلشمنٹ کے خلاف جان بوجھ کر ایک گھٹیا ٹوئیٹ آگ لگانے کے لیے کی گئی، یہ عمران خان نے نہیں بلکہ باہر بیٹھے سازشیوں نے لکھی۔فیصل واڈا نے کہا کہ عمران خان نے حکومت سے بات چیت اور سڑکوں کی بجائے اسمبلیوں کا رخ کرنے کا ایک اچھا اور مثبت فیصلہ کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کے ٹوئٹر کو وقتی طور پر نظر انداز کریں ورنہ نقصان اس سے زیادہ ہو گا۔