کراچی(این این آئی)بحیرہ عرب کے سمندری طوفان کا رخ بدل گیا،بپر جوائے کراچی کے ساحل سے دور ہونے لگا، سمندری طوفان (آج)جمعرات کو دن11بجے پاکستانی حدود میں داخل ہوگا اور کیٹی بندر سے ٹکرائے گا، بپر جوائے کیٹی بندر سے قریب اور کراچی سے تھوڑا دور ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بپر جوائے گزشتہ 6گھنٹوں سے شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، سمندری طوفان کراچی کے جنوب سے 310کلو میٹر دور ہے، سمندری طوفان کیٹی بندر کے جنوب، جنوب مغرب سے 240کلو میٹر دور ہے،سمندری طوفان کے مرکز اور اطراف میں ہوائوں کی رفتار 150سے 160کلو میٹر فی گھنٹہ،سسٹم کے مرکز کے اطراف سمندر میں شدید طغیانی ہے،سسٹم کے مرکز کے گرد لہریں 30فٹ تک بلند ہو رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق (آج)15جون کی شام کو طوفان کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان کسی مقام پر ٹکرائے گا، طوفان ساحل سے ٹکرانے کے وقت ہوائوں کی رفتار 100سے 120کلو میٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے جبکہ 140کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جھکڑ بھی چل سکتے ہیں۔سمندری طوفان کے نتیجے میں پاکستان کے جنوب مشرقی ساحلی پٹی پر آندھی اور گرج چمک کیساتھ موسلا دھاربارش ہوسکتی ہے۔
جنوب مشرقی سندھ میں کچھ مقامات پر شدید بارش بھی ہوسکتی ہے، ٹھٹہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ میں 14سے 17جون تک ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ انتظامیہ، پاکستان نیوی اور آرمی کی جانب سے ساحلی علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں،نیوی کے غوطہ خوروں نے سمندر میں پھنسے درجنوں ماہی گیروں کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔ساحلی علاقوں سے 73ہزار سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے،
ہدایات کے باوجود بعض افراد اب بھی ساحلی علاقوں میں موجود گھر بار چھوڑنے سے انکار کر رہے ہیں۔بپرجوائے سے جاتی، کھارو چھان اور شاہ بندر کے علاقے خطرے کی زد میں ہیں، بدین اور ٹھٹہ کی ساحلی بستیوں میں بھی تیز ہوائیں چل رہی ہیں، تیز ہواں سے ہائی ٹرانسمیشن لائن کے پول گرگئے جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔کیٹی بندر میں بھی موسم تبدیل ہوگیا ہے اور وہاں ہلکی بارش شروع ہوگئی ہے۔
بدین میں زیروپوائنٹ،گگونگھڑو، چک 57، بھگڑا میمن سمیت ساحل پر آباد علاقوں سے انخلا مکمل کرالیا گیا ہے۔ادھرگڈانی میں جیٹی پرمٹی بھر جانے کی وجہ سے ماہی گیروں کو مشکلات کا سامنا ہے، ماہی گیر کشتیوں کو کنارے پر لانے کے لیے 10سے 15ہزار روپے دینے پر مجبور ہیں۔سمندری طوفان بپر جوائے کے زیرِ اثر کراچی میں گزشہ روزکہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی، ہاکس بے میں سمندر کا پانی سڑک پر آگیا ، کراچی سے منوڑہ کا زمینی راستہ جزوی منقطع ہوگیا، منوڑہ جانے والے روڈ پر ریت اور پانی کی وجہ سے کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔