لاہور(این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے جاری تنازعہ کے چلتے ایک اہم بیان جاری کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ ہائبرڈ ماڈل کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے کی حمایت کریں گے۔اْن کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھیل اور سیاست کو یکجا کرکے کرکٹ کو غیر یقینی صورتحال کا شکار کردیا ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستانی ٹیم سکیورٹی خدشات کے باوجود 5 مرتبہ بھارت جا کر کھیل چکی ہے جس میں وائٹ بال سیریز بھی شامل ہے، اب آئی سی سی اور اْن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو اپنی بالادستی دکھانی ہوگی۔ایک اور سابق کپتان راشد لطیف کا سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ جمعے کا دن کرکٹ کے لیے بڑا اہم ہوگا، یہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کھیل کی تبدیلی کادن بھی ہوسکتا ہے۔واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔