بیروت(این این آئی)لبنان میں جنگ بندی کے نفاذ کے اعلان کا بین الاقوامی سطح پر خیرمقدم کیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ بہت پہلے ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی کے اعلان نے ثابت کر دیا ہے کہ مشکل ترین حالات میں بھی سفارت کاری کامیاب ہو سکتی ہے۔انہوں نے دار العوام میں ہفتہ وار احتساب سیشن کے دوران کہا کہ ہر کسی کو اعتماد کو مضبوط کرنے، کشیدگی کو پرسکون کرنے اور وسیع تر جنگ بندی کی طرف جانے کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اس کے علاوہ انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے وزرا کے ساتھ اس اعلان کے بارے میں ملاقاتیں کی ہیں اور وہ اس حوالے سے مزید اجلاس بھی کریں گے۔ایک متعلقہ سیاق و سباق میں فرانسیسی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ وہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کے نفاذ کی پیروی میں فعال طور پر حصہ لی گی۔ فرانسیسی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ وہ معاہدے کی شرائط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اپنے تمام اتحادیوں کے ساتھ قریبی مشاورت میں اپنا کردار ادا کرے گی۔فرانسیسی وزارت خارجہ نے زور دیا کہ لبنانی ہمیشہ دونوں ممالک کے درمیان منفرد دوستی کی بنیاد پر فرانسیسی حمایت پر بھروسہ کر سکتے ہیں۔ یاد رہے تقریبا 14 گھنٹے کی کشیدگی کے بعد اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کا معاہدے بدھ کی صبح نافذ ہوا ہے۔