اسلام آباد(این این آئی)سینیٹر فیصل واوڈا نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی کو تباہی کی طرف لے کر جانے والے بشریٰ بی بی اور جنرل(ر)فیض ہیں، بشری ٰ بی بی نے علی امین گنڈا پور کو بھی بطور وزیراعلیٰ لے ڈوبنا ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پہلے بتایا تھا ڈی چوک آئیں گے تو قانونی طور پر دھویں گے،خیبرپختونخوا سے آئے کارکنان کو لاوارث چھوڑ دیا گیا۔فیصل واوڈا نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی کی سیاسی تباہی اس وقت شروع ہوئی جب یہ خاتون ان کی زندگی میں آئیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی تباہی کی وجہ بشریٰ بی بی اور جنرل(ر)فیض ہیں ،یہ دونوں ملے ہوئے تھے۔سینیٹر فیصل واوڈا نے کہاکہ پی ٹی آئی پر ویسے بھی پابندی لگنے جارہی ہے اور کوئی راستہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ 9مئی کو بچوں کو گمراہ کیا گیا ان بچوں کے ماں باپ آج پریشان ہیں،ہمیں سیاسی طور پر ان بچوں کیلئے راستہ بنانے کی ضرورت ہے ۔فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج سے اہلکار شہید ہوئے ، اسٹاک مارکیٹ گر ی اور عالمی سطح پر تماشا بنا، بانی پی ٹی آئی کیلئے مزید تکالیف کھڑی کر دی گئی ہیں،بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں اب نہیں ہوں گی ۔