اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے کابینہ اراکین کی متفقہ رائے نہیں ہے، اس پر مزید سوچ بچار کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میںگفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہاکہ بلوچستان اسمبلی نے پی ٹی آئی پر پابندی پر اپنی رائے کا اظہار کیا، کابینہ میں پی ٹی آئی پر پابندی پر بات ہوئی، کوئی اتفاق نہیں ہوا۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ایک رائے ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگ سکتا ہے، آئین میں راستہ ہے، ابھی ایسی صورتحال نہیں کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگایا جائے، گورنر راج کیلئے سیاسی اور آئینی مسائل ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مذاکرات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے، یہ پرامن مظاہرے کیلئے نہیں آرہے تھے، یہ لوگ مسلح تھے۔