پرتھ (این این آئی)بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈر گواسکر ٹرافی کا آغاز ہوگیا، 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ پرتھ میں کھیلا جارہا ہے۔پرتھ ٹیسٹ کے پہلے ہی دن بھارتی بیٹرز بری طرح ناکام ہوئے جس کے بعد آسٹریلوی بیٹنگ لائن بھی لڑ کھڑا گئی۔آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان شروع ہونے والے پرتھ ٹیسٹ کے پہلے ہی دن مجموعی طور پر 17 وکٹیں گر گئیں۔آسٹریلیا کے خلاف بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن بھارتی بیٹرز آسٹریلوی بولرز کے سامنے زیادہ جم کر بیٹنگ نہ کرسکے اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 150 رنز بنا کرآوٹ ہوگئی۔بھارت کی جانب سے نتیش کمار 41 اور رشبھ پنت 37رنز کے ساتھ نمایاں رہے، آسٹریلیا کے ہیزل ووڈ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں آسٹریلیا کے بیٹرز بھی ناکام ہو گئے ، بھارت کے خلاف صرف 67 رنز پر 7 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ایلکس کیری 19اور مچل اسٹارک 6 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ ہیں۔بھارت کی جانب سے بمراہ نے 4 وکٹیں لی ہیں۔آسٹریلیاکو اب بھی بھارت کے خلاف پہلی اننگز میں 83 رنز کا خسارہ ہے۔