راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی میٹرو کوریڈور کی تعمیر و مرمت کے باعث پاکستان میٹرو بس سروس 4 دن کے لیے معطل ہو گی ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ راولپنڈی میٹرو کوریڈور کی تعمیر و مرمت کی وجہ سے 28 نومبر 2024 بروز جمعرات سے یکم دسمبر 2024 بروز اتوار تک پاکستان میٹرو بس سروس معطل رہے گی۔ اس دوران میٹرو بس کی خدمات دستیاب نہیں ہوں گی۔ یہ فیصلہ سروس کی بہترین کارکردگی اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ڈی جی آرڈی اے نے کہا ہم عوام الناس کو درپیش تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس وجہ سے عوام کو کچھ مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے، لیکن یہ اقدامات میٹرو کوریڈور کی بہتری اور مرمت کے لیے ضروری ہیں۔ آرڈی اے نے بتایا کہ تعمیر و مرمت کے بعد میٹرو کوریڈور کے معیار میں اضافہ ہوگا جس سے عوام کو مزید بہتر اور آرام دہ سفر کی سہولت فراہم کی جا سکے گی۔ یہ فیصلہ میٹرو کوریڈور کی بہتری کے لیے ضروری کاموں کو مکمل کرنے کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ عوامی سہولت میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔ اس دوران، میٹرو بس سروس کی معطلی سے متاثر ہونے والے مسافروں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ متبادل سفری سہولتوں کا استعمال کریں۔