اوٹاوا (این این آئی)کینیڈا میں گزشتہ برس قتل کئے گئے علیحدگی پسند سکھ رہنماء ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں مودی کا تعلق بھی سامنے آگیا۔ کینیڈین اخبار نے تحقیقاتی رپورٹ میں کینیڈین سکیورٹی ایجنسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو سکھ رہنما کے قتل اور دیگر پر تشدد سازشوں کا بھی علم تھا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا کی قومی سلامتی سے جڑے ایک اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ سکھ رہنماء کو قتل کرنے کی سازش بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے تیار کی تھی اور اس سے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول سمیت وزیراعظم مودی بھی آگاہ تھے۔کینیڈین نیشنل سیکیورٹی کے اہلکار نے اس بات پر زور دیا کہ اس سازش پر بھارتی حکومت سے اعلی سطح پر بات چیت بھی ضرور ہوئی ہوگی۔