اسلام آباد (این این آئی)آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان (آج)جمعرات کو متوقع ہے ۔ میڈیارپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کی جانب سے ہائبر ماڈل کو مسترد اور پاکستان میں ہی چیمپئنز ٹرافی کروانے کے اپنے سخت موقف پر ڈٹا ہوا ہے جس کے باعث شیڈول کا اعلان تاخیر کا شکار ہے۔ذرائع نے بتایا کہ براڈ کاسٹرز ، اسپانسرز اور کمرشل پارٹنرز نے پاک – بھارت میچ کے بغیر شیڈول کا اعلان مسترد کر دیا ہے۔آئی سی سی نے اگر وقت پر شیڈول کا اعلان نہیں کیا تو براڈ کاسٹر، اسپانسر اور کمرشل پارٹنرز قانونی کارروائی بھی کر سکتے ہیں تاہم موجودہ حالات میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران آئی سی سی کی جانب سے شیڈول کا اعلان انتہائی مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ذرائع کے مطابق اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی قانونی کارروائی کے لیے صلاح مشورے شروع کر دیے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان سفر کی اجازت نہ ملنے پر ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ سے دستبردار ہوگئی تھی۔بھارتی بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن (آئی بی سی اے)کے صدر شیلنڈرا یادو نے تصدیق کی ہے کہ وزارت خارجہ نے سرحد پار سفر کرنے سے روک دیا ہے اور انہیں رواں ہفتے 23 نومبر سے 3دسمبر تک پاکستان میں ہونے والے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کی ہدایت کی ہے۔