اسلام آباد(این این آئی)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پائیدار ترقی کے اہداف کے اچیومنٹ پروگرام پر سٹیئرنگ کمیٹی کے 44 ویں اجلاس کی صدارت کی۔ نائب وزیر اعظم کے آفس سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثنا اللہ اور وزیر توانائی اویس لغاری نے شرکت کی۔ اراکین قومی اسمبلی اور وفاقی سیکرٹریز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے اقدامات اور حکومتی پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں پاکستان میں بنیادی ڈھانچے اور پسماندہ کمیونٹیز کی ضروریات پر خصوصی توجہ دی گئی۔