ماسکو (این این آئی)روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکہ اور یوکرائن کے اسلحہ معاہدے کے بعد جوہری ڈاکٹرائن میں بڑی تبدیلی کرلی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی صدر پیوٹن کی نیوکلیئر ڈاکٹرائن میں تبدیلی کی منظوری کے بعد اب روس یا اس کے اتحادی بیلا روس پر روایتی ہتھیاروں سے حملے کے جواب میں جوہری ہتھیار استعمال کرسکیں گے ۔نئی نیوکلیئر ڈاکٹرائن میں امریکہ اور یوکرائن کا نام لئے بغیر کہا گیا ہے کہ اگر کسی غیر جوہری ملک نے کسی جوہری ملک کی مدد سے روس پر حملہ کیا تو یہ دونوں ممالک کا مشترکہ حملہ تصور کیا جائے گا۔روس کی نئی جوہری ڈاکٹرائن کے مطابق کسی بھی فوجی اتحاد یا بلاک کے کسی بھی ایک رکن کے روس پر حملے کو پورے اتحاد یا بلاک کی جارحیت سمجھا جائے گا۔صدر پیوٹن کی منظور کردہ نئی جوہری ڈاکٹرائن کے تحت روس پر کسی بڑے فضائی حملے کے جواب میں بھی جوہری ہتھیار استعمال کئے جا سکتے ہیں۔