لاہور ( این این آئی)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں سپین کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے وفد کا گورنر ہائوس آمد پر انہیں خوش آمدید کہا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت انرجی، انفراسٹرکچر اور زیتوں کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے پر خاص طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے سپین کی جانب سے یورپی یونین میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اور سپین کے درمیان تعلقات کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات بہت پرانے ہیں ، امید ہے ان میں مزید بہتری آئے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے جس کی معیشت کا زیادہ تر انحصار زراعت پر ہے، سپین بھی زرعی اجناس برآمد کر کے وسیع زرمبادلہ کما رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیتون کی کاشت کے حوالے سے سپین کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے ملکی برآمدات میں اضافہ ممکن ہے جس کے لیے مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے،سپین کے تعاون سے زیتون کی کاشت کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔گورنر پنجاب نے وفد کو بتایا کہ زیتون کی پیداوار کے حوالے سے صوبہ پنجاب کے علاقے چکوال اور اٹک بہت زرخیر ہیں جہاں مختلف علاقوں میں زیتون کی کاشت کی گئی ہے ،زیتون کا تیل بھی وہاں نکالا جا رہا ہے،جہاں آپ کے ملک کے ماہرین کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپین کے سینیٹ کے وفد کی پہلی دفعہ پاکستان میں آمد پر بہت مسرت ہوئی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس دورہ سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید استحکام آئے گا۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان خطے سمیت دنیا بھر میں امن کا خواہاں ہے۔ انہوں نے فلسطین کے معاملے پر سپین کی طرف سے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے کے موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت دیگر ممالک کوبھی کشمیر اور فلسطین غزہ میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے تاکہ دنیامیں امن کی فضا قائم ہو سکے۔اس موقع پر سپین کے پارلیمانی وفد کے ارکان نے کہا کہ ہمیں جو محبت اور پیار پاکستانیوں سے ملا ہم اس کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے بہت سے لوگوں سے ملنے کا موقع ملا،تجارتی روابط پر بات ہوئی،دورے سے دونوں ممالک کی پارلیمنٹ ڈپلومیسی میں بھی ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے میں مد دملے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آنے والے دنوں میں اس دورے کے مفید نتائج سامنے آئیں گے،دونوں ملکوں کے درمیان باہمی اور تجارتی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت،انفراسٹرکچر،زراعت سمیت دیگر شعبوں میں بہت پوٹینشل موجود ہے،جس سے سپین استفادہ کر سکتا ہے۔اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے وفد کے ارکین گورنر ہائوس کی تاریخ بارے کتاب کا تحفہ بھی دیا۔