لاہور( این این آئی)تحریک انصاف نے 24 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے وسطی پنجاب کے عہدیداروں اور کارکنوںکو متحرک کر دیا ، احتجاج میں پارٹی لیڈرشپ اور کارکنان کے علاوہ عام آدمی کو شامل کرنے کے لیے رابطہ عوام مہم بھی شروع کر دی گئی ۔ضلعی صدور اور تنظیمی عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وسطی پنجاب کے صدر محمد احمد چٹھہ اور جنرل سیکرٹری چوہدری بلال اعجاز نے عوامی رابطہ اور سوشل میڈیا پر آگاہی مہم کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان جھوٹے بے گناہ مقدمات میں جیل کاٹ رہے ہیں، ان کی رہائی اور اس نظام کو بدلنے کے لیے جاری جدوجہد کو تیز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا 24 نومبر کو ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ، 26 ویں آئینی ترمیم کے خاتمے کے لیے احتجاج میں عام آدمی کو شامل کرنا ہوگا ، عدلیہ کی ازادی اور خودمختاری اور چوری شدہ مینڈیٹ کی واپسی تحریک انصاف نہیں بلکہ ملک و عوام کا مسئلہ ہے اس کے لیے مل جل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف پرامن سیاسی جدوجہد پہ یقین رکھتی ہے ، ہمارے ملک کا ائین احتجاج کرنے کا حق دیتا ہے حکومت اس کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے سے باز رہے۔ اس موقع پر رہنماں نے کہا پرامن سیاسی جدوجہد سے عوام کو مہنگائی اور لاقانونیت سے نجات دلائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایک منظم پرامن سیاسی جماعت ہے جو ائین اور قانون کی حدود میں رہتے ہوئے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔