راولپنڈی(این این آئی)ڈائریکٹر جنرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضی نے کہا آرڈی اے نے شہر کے اندرون حصوں میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے کے لیے متعدد اہم اقدامات کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ ان اقدامات میں شہر کے مصروف بازاروں کو پیڈسٹرین سٹریٹس (صرف پیدل چلنے کے لیے مخصوص سڑکیں) میں تبدیل کرنا، پارکنگ ایریاز کی توسیع، اور کچہری چوک سے فیض آباد مری روڈ تک سائیکل اور موٹر سائیکل کے لیے الگ ٹریک قائم کرنا شامل ہے۔ یہ منصوبہ کمشنر راولپنڈی کو منظوری کے لیے بھجوایا جا چکا ہے، جس میں جی ٹی روڈ پر منڈی مویشیاں اور ٹرانسپورٹ اڈوں کی منتقلی بھی شامل کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا شہر میں 200 سے زائد غیر قاکنزہ مرتضیٰنونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی جاری ہے، جو شہریوں کو جھوٹے وعدوں کے ذریعے مالی نقصان پہنچاتی ہیں۔ آر ڈی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے اس کی قانونی حیثیت آر ڈی اے سے تصدیق کروا لیں۔ انہوں نے کہا آر ڈی اے نے سموگ کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔ اس سلسلے میں زرعی اراضی پر نئی ہاؤسنگ سکیموں کی اجازت اور درختوں کی کٹائی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ مزید برآں، مری روڈ اور دیگر اہم راستوں پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے میونسپل کارپوریشن کو ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ ان راستوں کو بہتر بنایا جا سکے۔ آر ڈی اے کا یہ منصوبہ شہر کی ترقی اور ماحول کی بہتری کے لیے ایک اہم قدم ہے، جس کے ذریعے شہریوں کو ایک صاف، محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جائے گا۔