ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ سپر سٹار سلمان خان کو دھمکی دینے کے کیس میں ممبئی پولیس نے 24سالہ گیت نگار کو کرناٹک سے حراست میں لیا ہے۔گیت کارسہیل پاشا نے سلمان خان کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجے ،لارنس بشنوئی کا نام استعمال کرکے پانچ کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ پولیس کا دعوی ہے کہ گرفتارگیت کار چاہتا تھا کہ اس کا لکھا گیت مشہور ہو تو اس نے اس مقصد کیلئے یہ طریقہ استعمال کیا۔اس سے قبل 7نومبر کو ممبئی کے ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ ہیلپ لائن پر کئی پیغامات موصول ہوئے تھے جن میں کہا گیا تھا کہ پیغامات بھیجنے والا بشنوئی گینگ کا رکن ہے ،سلمان خان نے اگر پانچ کروڑ روپے نہ دیئے تو انھیں قتل کر دیا جائے گا، میسیج میں خبردار کیا گیا تھا کہ میں سکندر ہوں کے گیت نگار کو بھی قتل کر دیا جائے گاجس کے بعد ممبئی پولیس کے کرائم برانچ نے موبائل نمبر کا پتہ چلا کر ملزم کو ڈھونڈ نکالا اور اب اسے مزید تفتیش کیلئے ورلی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔