لاہور ( این این آئی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس شہداء کی فیملیز کی ویلفیئر کیلئے ایک اور احسن اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت شہدائے پولیس کے اہل خانہ کے گھروں کی خریداری کیلئے محدود فنڈز کا مسئلہ حل ہوگیا ہے۔ آئی جی پنجاب کی خصوصی کاوش پر پنجاب کابینہ نے پولیس شہداء کے اہلخانہ کے گھروں کی خریداری کے فنڈز میں اضافہ کی منظوری دے دی ہے جس پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید پیکج کے تحت کانسٹیبل سے ڈی آئی جی رینک تک گھروں کے فنڈز میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نئے پیکج کے تحت کانسٹیبل سے ڈی آئی جی رینک کے افسران و اہلکاروں کے گھروں کی خریداری کیلئے سابقہ فنڈ میں 54 لاکھ سے 02 کروڑ روپے تک اضافہ کیا گیاہے، فنڈز میں اضافے سے شہداء کی فیملیز کیلئے اچھے گھروں کی خریداری میں مشکلات کا خاتمہ ہو جائے گا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہداء کی فیملیز کی مشکلات کا ازالہ کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اظہار تشکر کیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کرنے والے ہر پولیس افسر و اہلکار کی فیملی کو حکومت پنجاب گھر فراہم کرتی ہے۔ اسی سلسلے میں کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل کی فیملیز کے گھروں کی خریداری کیلئے فنڈ 01 کروڑ 35 لاکھ سے بڑھا کر 01 کروڑ 89 لاکھ کر دیا گیا ہے، اے ایس آئی، سب انسپکٹر کی فیملیز کے گھروں کی خریداری کیلئے فنڈ 01 کروڑ 75 لاکھ سے بڑھا کر 02 کروڑ 45 لاکھ کر دیا گیا ہے، انسپکٹر، ڈی ایس پیز کی فیملیز کے گھروں کی خریداری کیلئے اڑھائی کروڑ سے فنڈ بڑھا کر ساڑھے 03 کروڑ کر دیا گیا ہے، ایس پی، ایس ایس پیز کی فیملیز کے گھروں کی خریداری کیلئے 03 کروڑ سے فنڈ بڑھا کر 04 کروڑ 20 لاکھ کر دیا گیا ہے اورڈی آئی جی یا اس سے بالا عہدوں پر تعینات افسران کی فیملیز کے گھروں کی خریداری کیلئے فنڈ 05 کروڑ سے بڑھا کر 07 کروڑ کر دیا گیا ہے۔