اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ تفتیش کے دوران چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے تسلیم کیا ہے کہ ان کے پاس قتل کی سازش کا کوئی ثبوت نہیں ہے،9 مئی کو فوجی تنصیبات کو جلانے، ملک میں آگ لگانے، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کے بعد عمران نیازی کا خیال تھا عوامی ردِعمل حق میں ہوگا مگر ان کو سرپرائز ملا اور عوام اپنے شہدا، ان کے اہل خانہ اور پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوگئے،
9 مئی کے واقعات کے مرتکب چند سو لوگوں کے خلاف قانون پوری طرح سے حرکت میں ہے،لاکھوں ڈالرز پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے میں خرچ کیے جا رہے ہیں جس میں پی ٹی آئی کے لوگ پیش پیش ہیں،عمران نیازی کا یہ پروپیگنڈا بھی ناکام ہوا اور خود خواتین نے بھی اس پروپیگنڈا کو غلط ثابت کیا، یہ لوگ آئندہ بھی اس قسم کی پروپیگنڈا کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے،یہ فتنا جلد ہی اپنے انجام کو پہنچے گا،مسلم لیگ (ن) نے کسی بھی جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
بدھ کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فوجی ادارے کے خلاف عمران خان نے جو جو الزامات عائد کیے، جو بھی گھٹیا گفتگو کی، جب اس حوالے سے ان سے تفتیش کی گئی تو انہوں نے تمام باتوں کو تسلیم کیا، کسی بھی جگہ یہ نہیں کہا کہ یہ آڈیوز میری نہیں ہیں اور یہ بھی بیان دیا کہ میرے پاس ان چیزوں کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ جتنے بھی بیانات ہیں ان کی کوئی بنیاد اور ثبوت نہیں ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے پوچھا گیا کہ ایک وفاقی وزیر اور فوج کے سینیئر افسر کے خلاف الزام کیسے لگا لیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وہ بیان تحریر میں لایا گیا جس پر انہوں نے دستخط کیے، یہ تفتیشی عمل کے بعد ایک مستند دستاویز ہے جس پر جے آئی ٹی مختلف مقدمات میں تفتیش کر رہی ہے اور اس کے پاس یہ ثبوت ہے جس پر عمران خان نے خود دستخط کیے اور خود تسلیم کیا کہ وہ الزامات لگانے، جھوٹ بولنے اور گھٹیا الزام تراشی کرنے میں کوئی مثال نہیں رکھتے، بغیر کسی ثبوت کے اس قسم کی الزام تراشی کرنے کے ماہر ہیں۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ الزام تراشی جب فوج کے اعلیٰ افسران کے نام لے کر اپنے قتل کی سازش سے متعلق نوجوان نسل کو گمراہ کیا، پارٹی کے لوگوں کے ذہنوں میں زہر بھرا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے تسلیم کیا کہ ان کے پاس قتل کی سازش کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔