نئی دہلی(این این آئی)آریان خان نے والد شاہ رخ خان کو ٹرینڈ سیٹر قرار دے دیا۔بالی وڈ کنگ خان شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے اپنے والد شاہ رخ خان کی اس بڑی خوبی کا ذکر کیا جس نے ان کے خاندان کو مشکل حالات میں سہارا دیا۔ ایک میگزین کو دئیے گئے انٹرویو میں آریان خان نے بتایا کہ ان کے والد نے انہیں سکھایا کہ زندگی کے مشکل اور چیلنجنگ حالات کو کس طرح دیکھنا چاہیے۔آریان خان نے اپنے والد کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک عالمی فیشن آئیکون قرار دیا اور ان کی مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ میرے والد شاید سب سے ذہین مارکیٹنگ ذہن رکھنے والوں میں سے ہیں، اور وہ خود ایک عالمی فیشن ٹرینڈ سیٹر ہیں،زندگی میں چاہے چھوٹا ہو یا بڑا، ہر کام کو سو فیصد دینا میرے والد نے مجھے سکھایا ہے۔آریان خان نے کہاکہ میں کافی خوش قسمت رہا ہوں کہ مجھے دنیا کا وسیع تجربہ حاصل ہوا، یوکے میں اسکول اور امریکا میں کالج میں تعلیم حاصل کی،یہاں زیادہ ثقافتی رکاوٹیں نہیں ہیں جس سے مجھے اپنے کام میں عالمی نقطہ نظر اپنانے کا موقع ملتا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ یہ ہر اس کام میں جھلکتا ہے جو میں کرتا ہوں۔