لاہور ( این این آئی)ٹیوٹا اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے مابین 3 سالہ اشتراک کا معاہدہ طے پاگیا صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین یو ایم ٹی میں منعقدہ معاہدے پر دستخط کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ـچیئرمن ٹیوٹا بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد ساجد کھو کھر اور ریکٹر یونیورسٹی ڈاکٹر آصف رضا نے معاہدے پر دستخط کئے،صد یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد،سیکریٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر احسان بھٹہ،سینئر ڈی جی ٹیوٹا اختر عباس بھروانہ،یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر عابد شیروانی اور دیگر نے تقریب میں شرکت کی۔معاہدے کی رو سے مشترکہ طور پر تربیتی ورکشاپس اور ٹریننگ ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا ۔سکل ڈویلپمنٹ کے فروغ کیلئے تجربات اور مہارت کا باہمی تبادلہ ہوگا،مختلف ٹیکنالوجیز اور ٹریڈ کے حوالے سے مل کر کورسز تیار کئے جائیں گے اور یو ایم ٹی ٹیوٹا سٹاف کی استعداد کار بڑھانے کیلئے مختصر مدت کے کورسز اور پروگراموں کا اہتمام کرے گی،یونورسٹی کے زیر اہتمام ورکشاپس،سیمنارز اور کانفرنسوں میں ٹیوٹا کے طلباء کی شرکت یقینی بنائی جائے گی،تحقیق،پبلیکیشنز اور دیگر اکیڈمک انفارمیشن کا باہمی تبادلہ کیا جائے گا،معاہدے پر عملدرآمد کیلئے فوکل پرسنز مقرر ہوں گے اور مشترکہ ورکنگ گروپ بنے گا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیوٹا اور یو ایم ٹی کے مابین طے پانے والا معاہدہ خوش آئند ہے،معاہدے پر عملدرامد سے معیاری فنی تعلیم کے فروغ میں مدد ملے گی،انہوں نے کہا کہ ہنرمند افرادی قوت کو روزگار کی فراہمی کیلئے اکیڈمیا اور انڈسٹری میں روابط بڑھانا ضروری ہے،یو ایم ٹی کے ساتھ ملکر انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق ہنرمند افرادی قوت تیار کریں گے اور ہنر مند افرادی قوت کو عالمی مارکیٹ میں بھی بھجوایا جائے گا تاکہ ملک قیمتی زرمبادلہ حاصل کرسکے،صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیوٹا کے اداروں کی لیبز اور کورسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے،ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے سینٹرز آف ایکسیلینس بنائے جارہے ہیں۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ای کامرس کوفروغ دینے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے انٹرنیٹ سروسز کی بہتری کیلئے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی۔ یو ایم ٹی کے سربراہ ابراہیم حسن مراد ہے کہا کہ یو ایم ٹی اور ٹیوٹا کے مابین معاہدے سے ایک اہم سنگ میل عبور ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ ہیومن ریسورس کا معشیت کے فروغ میں کلیدی کردار ہے،مقامی انڈسٹری اور عالمی مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق ملکر ہنرمند افرادی قوت تیار کریں گے۔چئیرمین ٹیوٹا محمد ساجد کھو کھر نے بتایا کہ ٹیوٹا کے اداروں میں ایوننگ کلاسز کا بھی اجراء کیا گیا ہے۔