لاہور( این این آئی)پنجاب پولیس کے لیے نئے یونیفارم کی ڈلیوری کا ٹاسک وقت سے پہلے مکمل ہوگیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کی کاوش سے 30 نومبر کی ڈیڈ لائن سے قبل ہی پنجاب پولیس کو یونیفارم موصول ہو گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ معروف نجی کمپنی سے بہترین کوالٹی کے 01 لاکھ 34 ہزار یونیفارم تیار کروائے گئے ہیں۔ فورس کو موسم سرما کے لیے 01 لاکھ 34 ہزار باڈی وارمرز بھی موصول ہو گئے ہیں۔ رواں سال پنجاب پولیس،ٹریفک پولیس اور پی ایچ پی کے لیے 16 ہزار سے زائد جرسیاں بھی ڈلیور ہوگئی ہیں۔ فورس کے لیے 01 لاکھ 34 ہزار ٹی شرٹس بھی موصول ہوگئی ہیں جبکہ رواں سال پولیس ٹریننگ کالجز اور سکولز کے لیے بھی 08 ہزار سے زائد پی ٹی شوز فراہم کیے گئے ہیں اسی طرح سی ٹی ڈی اور ایلیٹ فورس کے لیے 05 ہزار 08 سو سے زائد ٹریک سوٹ بروقت موصول ہوگئے ہیں۔ رواں سال ایس پی یو اور پنجاب ہائی وے پٹرول کے لیے 20 ہزار سے زائد یونیفارم بروقت ڈلیور ہو گئے ہیں۔ فورس کیلئے بلٹ پروف ہیلمٹ و جیکٹس، شوز، ٹی شرٹس و دیگر یونیفارم آرٹیکلز کی پری کوالی فیکیشن کا عمل جاری ہے۔ اے آئی جی پنجاب پروکیورمنٹ نے کہاکہ موصول ہونے والے مزید یونیفارم متعلقہ یونٹس اور اہلکاروں کو جلد ہی فراہم کر دیئے جائیں گے، آئی جی پنجاب نے متعلقہ افسران کو یونیفارم و دیگر سامان کا کوالٹی چیک یقینی بنانے کا حکم دیا تھا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ فورس کے زیر استعمال سامان اور یونیفارم کا معیار مقررہ سٹینڈرڈز کے مطابق رکھا جائے۔